نئی دہلی،8؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بنگلوروکی سینئرصحافی گوری لنکیش کے قتل کی کوریج کے تعلق سے رپبلک ٹی وی میں کام کر چکی ایک خاتون صحافی سمن نندی نے ارنب گوسوامی اوران کے چینل پر حملہ بولا ہے۔ اس خاتون صحافی نے فیس بک پر پوسٹ لکھ کر چینل کے تئیں اپنے غصہ کااظہارکیا ہے۔ سمن نندی کی یہ فیس بک پوسٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔رپبلک ٹی وی کی سابق ملازم سمن نندی نے فیس بک پر لکھا ہے کہ انہیں ہمیشہ ان اداروں پر فخر محسوس ہوتا ہے جن کے ساتھ وہ کام کر چکی ہیں، لیکن آج وہ شرمندہ ہیں۔ سمن نے لکھاکہ میں شرمندہ ہوں کہ ایک آزاد خبر رساں ادارہ اب ایک بری حکومت کے لیے بلے بازی کررہاہے اورایساکھلے طور پر ہو رہا ہے۔ سمن نے یہ بھی لکھا کہ بی جے پی، آر ایس ایس کارکنوں کی دھمکی ملنے کے بعدایک صحافی کوماردیاگیا اور قاتلوں سے سوال کرنے کی بجائے آپ حزب اختلاف سے سوال کر رہے ہیں؟ ۔صداقت کہاں ہے؟۔ ہم کہاں جا رہے ہیں؟۔ کچھ صحافی بھی قتل پر جشن منا رہے ہیں۔ سمن نے مزید لکھا ہے مجھے ایسے برے ادارے کواپناتعاون دینے پر آج افسوس ہو رہاہے۔